صوبے میں کورونا کے335 کیسز منظرعام پر،مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں سے کورونا کے 335 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بروز منگل کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ پہلی مرتبہ انکی حکومت نے 4112 سے زائد ٹیسٹ کئے ہیں جس میں سے 335 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 7 مریض کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔
ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ اب تک 48061 ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس میں سے 5291 کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس طرح انفیکشن کی شرح 12 فیصد سے کم ہوکر 8.15 فیصد ہوگئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ حوصلہ افزا بات ہے مگر ہمیں اور ہمارے خاندان اور دیگر افراد کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ آج 7 افراد انتقال کرگئے اس طرح کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 92 ہوگئی ہے جوکہ مجموعی مریضوں کا 1.73 فیصد بنتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ 38 مزید مریض صحتیاب ہوکر اپنے اپنے گھروں کو واپس چلے گئے ہیں اور اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 963 تک پہنچ گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ صحتیاب ہونے والوں کی شرح 18.2 فیصد بنتی ہے۔
مراد علی شاہ کے مطابق 4236 مریض زیر علاج ہیں جن میں 2915 گھروں میں آئسولیشن میں، 872 آئسولیشن مراکز میں اور 449 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
انھوں نے کہا کہ 48 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور ان میں سے 13 وینٹیلیٹر پر ہیں۔
مریضوں کی ضلع کے حساب سے تعداد بتاتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں 258 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس وقت 5291 کیسز میں سے 1609 کا تعلق کراچی سے ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ضلع جنوبی میں 89 نئے کیسز کے ساتھ تعداد 1037 ہے، ضلع شرقی میں 53 نئے کیسز کے ساتھ 821 کیسز، ضلع وسطی میں 43 نئے کیسز کے ساتھ تعداد655 ہے، ضلع ملیر میں 21 نئے کیسز کے ساتھ 312، ضلع غربی میں 24 نئے کیسز کے ساتھ 392 اور کورنگی میں 28 نئے کیسز کے ساتھ 392 ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ کوئی اچھی صورتحال نہیں ہے اور ہم سب کو محتاط رہنا ہوگا۔ دیگر اضلاع کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حیدرآباد میں 17 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے ، جیکب آباد میں 10، سکھر میں 7، شکارپور میں 7، شہید بینظیر آباد میں 6، ٹنڈو محمد خان میں 6 اور لاڑکانہ میں 5 شامل ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس نےدیہی علائقوں میں پھیلنا شروع کردیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہماری سنجیدہ کاوشوں کے باوجود لوگ سماجی فاصلہ کو اختیار نہیں کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں نہ صرف یہ کہ وہ انفیکشن میں مبتلا ہو رہے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی متاثر کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ وہ مزید آئسولیشن مراکز تیار کررہے ہیں۔ ایکسپو سینٹر کی گنجائش 1200 سے بڑھاکر 1500 بستر کی جارہی ہے، پی اے ایف میوزم سائیٹ میں 600 بستر، گڈاپ سٹی اسپتال میں 150 بستر، دمبہ گوٹھ اسپتال میں 100 بستر اور فیلڈ آئسولیشن سینٹر میں 100 بستر شامل ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے مریضوں کے اضافہ کی وجہ سے آئسولیشن مراکز کی توسیع ضروری ہے تاکہ گنجان علاقوں سے مریضوں کو یہاں منتقل کیا جاسکے۔
Comments are closed on this story.